25

اسکول بیگز کے وزن سے متعلق مجوزہ قانون منظور

مجوزہ قانون میں نرسری کے بچوں کے اسکول بیگز کا وزن ڈیڑھ کلوگرام رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پہلی کلاس کے اسکول بیگز کا وزن 2 اعشاریہ 4 کلوگرام رکھنے کی تجویز دی ہے۔

مجوزہ قانون کے ڈرافٹ میں دوسری سے پانچویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن اڑھائی سے 5 اعشاریہ 3 کلوگرام تک  رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ چھٹی سے دسویں جماعت تک اسکول بیگز کا وزن 5 اعشاریہ 4 سے ساڑھے 6 کلوگرام تک  رکھنے کی تجویز ہے۔

اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے اسکول بیگز کا وزن 7 کلوگرام رکھنے کی تجویز ہے۔

مجوزہ قانونی ڈرافٹ کے مطابق اسکول بیگز ایکٹ پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون ہوگا۔ قانون کی خلاف ورزی پر ذمہ دار سرکاری حکام کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانون کی خلاف ورزی پر نجی تعلیمی اداروں کو 2 لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کی تجویز ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر تعلیمی اداروں کو 2 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ والدین اور طلبا کے لیے حکومت نے بہترین اقدام کیا ہے۔

صوبائی وزیر شہرام ترکئی  نے کہا کہ اسکول بیگز وزن کا قانون طلبا کی آسانی کے لیے بنایا گیا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں اہم قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ عالمی معیار کے مطابق اسکول کے بچوں کے بیگز کاوزن کے تعین کیاجائے گا۔

شہرام ترکئی کے مطابق تمام اسکولوں پر قوانین کی پابندی لازمی ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت نے اسکولز میں کورونا پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر تمام اسکولز میں بریک ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں اسکولوں میں صبح اسمبلی کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا  کے اسکولوں کے اوقات میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے۔

ہائی اسکول کی چھٹی ایک  بج کر 30 پر ہوگی، پرائمری اسکولز کے اوقات کار صبح 8 بج کر 30 منٹ سے لے کر 12 بج کر 30 منٹ تک ہوں گے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے انتظامیہ کو اسکولوں میں ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ خیبرمیڈیکل کالج پشاور میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کالج کو 2 ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں