15

موٹروے ریسٹ ایریاز، وزیر اعظم نے زائد قیمتوں پر نوٹس لے لیا

وزیر اعظم آفس کے مطابق شہریوں کی جانب سے سیٹیزن پورٹل کے ذریعے اشیا کی زائد قیمتوں کی شکایات کی گئی تھیں جس پر وزیر اعظم عمران خان نے موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیا خوردونوش کی زائد قیمتوں پر برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹروے کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا کہ موٹروے ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں جو موٹروے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت مدد لے سکتی ہیں جبکہ موٹروے ریسٹ ایریاز پر زائد قیمتوں کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا گیا کہ موٹروے ریسٹ ایریاز پر مسافروں اور سیاحوں کی آگاہی کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں اور سیٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی ریسٹ ایریاز میں اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعظم آفس نے متعلقہ حکام کو 21 روز میں ابتدائی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت بھی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں