14

اعظم خان کی دھواں دھار بلے بازی: سندھ نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی

سندھ نے ناردرن کو 25 رنز سے ہرا کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔

222 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر196 رنز ہی بناسکی۔ ذیشان ملک اور عمرامین بالترتیب 61 اور 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناردرن کو 116 رنز کا ابتدائی آغاز فراہم کیا تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی ناردرن کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اوران کے بیٹسمین یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔

سندھ کے محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو67 رنز پرسندھ کی ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

بائیس سالہ بیٹسمین 43 گیندوں پر 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے88 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

انہوں نےکپتان سرفراز احمد کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 130 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 200 کے پار لگانے میں مدد کی۔ سرفراز احمدنے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

دانش عزیز کے ناٹ آؤٹ دس رنز کی بدولت سندھ نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ ناردرن کے محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں