20

کلاسوں کی آن لائن منتقلی کا فیصلہ

رجسٹرار کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی میں 3 ہفتوں تک آن لائن کلاسز لی جائیں گی۔ 17 نومبر سے 6 دسمبر تک تمام کلاسیں آن لائن لی جائیں گی۔

رجسٹرار کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق لیبارٹریز، لائبریری اور دیگر سہولیات کا استعمال ضرورت کے تحت کیا جاسکے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب تعلمی اداروں میں تدریسی عمل جاری رکھنے یا تعطیلات سے متعلق فیصلہ ایک ہفتے کے لیے موخر کردیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے متعلق اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ ایک ہفتے بعد کیا جائے گا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں فوری تعطیلات سے متعلق فیصلے کو قومی رابطہ کمیٹی کو بھیجا گیا تھا

اس سے قبل بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی صدارت میں ہوا تھا، جس میں کورونا کی صورت حال پر غور کیا گیا تھا۔ چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم نے اجلاس میں شرکت کی تھی۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیمی اداروں میں فوری تعطیلات پر غور کیا گیا تھا اور نومبر سے جنوری تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز پیش  کی گئی تھی۔

اجلاس میں سندھ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر نے فوری تعطیلات کی تجویز کی حمایت جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان نے  مخالفت کی تھی، جس کے بعد بندش سے متعلق حتمی فیصلہ سات روز کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔ تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں طلبہ اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے۔ 23 نومبر کو سردیوں کی تعطیلات اور اسکولز کی بندش سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔

اجلاس کے بعد وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے بتایا تھا کہ آج پنجاب میں اسکولوں کی بندش سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ کورونا کی صورتحال کا مزید جائزہ لینے کے لئے اگلی میٹنگ 23 نومبر پیر کو ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں