16

محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی

ملکہ کوہسار مری میں آج اور کل برفباری کا امکان ہے۔ گلیات میں بھی برفباری متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور پشاور سمیت کئی شہروں میں بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہونے سے آج اور کل بارش ہوگی۔ بارش کا سلسلہ بدھ کی صبح تک جاری رہ سکتا ہے۔ خیبر پختونخوا میں پی ڈی ایم اے نے  ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹھنڈ اور بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور بڑی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

ساہیوال اور گردونواح کے علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ حد نگاہ چند میٹر تک محدود ہے۔ شورکوٹ اور ڈجکوٹ میں بھی شدید دھند نے منظر دھندلا دیئے ہیں۔

ٹبہ سلطان پور اور گرد و نواح کے علاقوں میں بھی شدید دھند کا راج ہے۔ ٹریفک پولیس نےشہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات ڈاکٹر خالد ملک نے کہا ہے کہ بارش کے بعد اسموگ میں کمی اور دھند میں اضافہ ہوگا۔ ہم نیوز کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بارشوں کے حالیہ اسپل کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں