14

سعودی عرب نے 150 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا

سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے ملتان پہنچا دیا گیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانی مبینہ طور پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 22 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کر دیا تھا۔

ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی شہری پرواز ٹی کے 710 کےذریعے استنبول سے اسلام آباد  پہنچ گئے تھے۔

ایئر پورٹ حکام کے مطابق 11 افراد کو امیگریشن  کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی تھی جبکہ 11 دیگرافراد کو ایف آئی اے کے انسداد اسمگلنگ  سیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

قبل ازیں ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 30 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا تھا۔ پاکستانی شہری پرواز ٹی کے 710 کے ذریعے استنبول سے اسلام آباد پہنچے۔

ایئر پورٹ حکام کا کہنا تھا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانیوں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا۔

اس سے قبل ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جعلی دستاویز ات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی تھی اورجعل سازی میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سیالکوٹ کے رہائشی مسافر محمد بلاول کا ویزہ جب چیک کیا تو وہ جعلی نکلا۔

ذرائع کے مطابق مسافر محمد بلاول پرواز ای کے – 781 کے ذریعے کینیڈا جانے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا۔

ذرائع کے مطابق جب ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سیالکوٹ کے رہائشی مسافر محمد بلاول سے پوچھ گوچھ کی تو اس نے بتایا کہ اس نے ایجنٹ سے ویزہ خریدا۔

محمد بلاول کے مطابق اس نے ایجنٹ کو کینیڈا کے ویزے کی خاطر 35 لاکھ روپے کی خطیر رقم ادا کی۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد بلاول کی نشاندہی پر جعلی ویزہ فروخت کرنے والے ایجنٹ کو بھی ایف آئی اے امیگریشن حکام نے گرفتار کرلیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں